ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام کے 11ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے:جرمنی

شام کے 11ہزار خالی پاسپورٹ داعش کے ہاتھوں میں چلے گئے:جرمنی

Mon, 11 Sep 2017 16:46:44    S.O. News Service

فرینکفرٹ ،11ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)جرمنی کے اخبار Welt am Sonntag نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ برلن حکام یہ سمجھتے ہیں کہ داعش تنظیم نے 11ہزار سے زیادہ خالی شامی پاسپورٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔اخبار نے وفاقی پولیس اور وزارت داخلہ کے خفیہ دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ تحقیق کاروں نے شام میں حکام کی جانب سے چھاپے جانے والے خالی پاسپورٹس کے نمبروں کی فہرست تیار کی ہے۔ یہ پاسپورٹ اصلی دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان میں کوئی بھی شخص اپنی ذاتی تفصیلات پُر کر سکتا ہے۔جرمنی کے سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ شامی حکومت کے دفاتر سے 18ہزار پاسپورٹ چوری ہوئے جن میں کئی ہزار داعش تنظیم کے علاوہ سیگر گروپوں کے ہاتھوں میں چلے گئے۔وفاقی پولیس کی ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ دہشت گرد تنظیمیں اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ممکنہ حملہ آوروں یا اپنے حامیوں کو یورپ جرمنی میں داخل کرانے کی کوشش کر رہی ہیں جو پکڑ میں نہیں آ سکتے۔

واضح رہے کہ نومبر 2015میں پیرس میں ہونے والے حملوں کے پیچھے جس گروپ کا ہاتھ تھا اس میں کئی عناصر کے پاس شام کے جعلی پاسپورٹ تھے۔ ان حملوں میں 130افراد جان سے مارے گئے تھے۔مذکورہ جرمن اخبار نے جن دستاویزات سے آگاہی حاصل کی ہے ان کے مطابق 2016میں جرمن امیگریشن حکام کی چھان بین اور تحقیق پر 8625پاسپورٹ جعلی نکلے۔


Share: